انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا وقت مکمل ہونے پر جماعت کا تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو چکا: الیکشن کمشن

Aug 30, 2024

اسلام آباد (وقائع نگار+ این این آئی) الیکشن کمشن  نے جے یو آئی  فضل الرحمٰن کے خلاف انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا وقت مکمل ہونے پر جماعت کا تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو چکا ہے۔ الیکشن کمشن میں جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن کے خلاف انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت ہوئی۔  ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ جے یو آئی (ف) کے معاون وکیل نے کمشن کو آگاہ کیا کہ جماعت کے انٹرا پارٹی الیکشن صوبوں میں ہو رہے ہیں، اس کے بعد وفاقی سطح پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمشن کو درخواست دی ہے کہ تھوڑا وقت دیا جائے۔  (ڈی جی) پولیٹیکل فنانس نے کمشن کو آگاہ کیا کہ جے یو آئی (ف) کے انٹرا پارٹی الیکشن کی مدت 7 جولائی کو مکمل ہو چکی ہے۔ ممبر خیبرپی کے  نے ریمارکس دیے کہ انٹرا پارٹی کا ٹائم مکمل ہونے پر جماعت کا تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو چکا ہے۔ الیکشن کمشن نے کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ این این آئی کے مطابق پارٹی سربراہ فضل الرحمن کمشن میں پیش نہیں ہوئے۔ 

مزیدخبریں