لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نوائے وقت گروپ کے انگریزی اخبار ’’دی نیشن‘‘ کی طرف سے انتہائی مسرت کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ انتہائی مقبول امریکی اخبار ’’دی نیو یارک ٹائمز‘‘ کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ’’دی نیشن‘‘ نیو یارک ٹائمز کی بین الاقوامی رپورٹ ہر ہفتے اور اتوار کو شائع کیا کرے گا۔ ان دونوں دنوں میں ’’دی نیشن‘‘ کے قارئین ’’نیو یارک ٹائمز‘‘ کی طرف سے بین الاقوامی رپورٹ کی کاپی حاصل کر سکیں گے جو 8 صفحات پر مشتمل ہوا کرے گی۔ اس رپورٹ میں ’’نیو یارک ٹائمز‘‘ کی بہترین عالمی رپورٹنگ، آراء اور زندگی کے دیگر امور سے متعلق معلومات اور تحریریں شامل ہوں گی۔ اس حوالے سے پہلی عالمی رپورٹ کل (بروز ہفتہ) کے ایڈیشن میں شامل ہو گی۔ عالمی طور پر معروف اخبار ’’نیو یارک ٹائمز‘‘ کے بارے میں بہت سے افراد کی رائے ہے کہ یہ ’’ریکارڈ کا اخبار ہے‘‘ اور ماہرانہ، متاثر کن اور انتہائی آزاد صحافت پر مبنی ہے۔ ’’دی نیشن‘‘ پاکستان کے اہم انگریزی اخبارات میں سے ایک ہے اور طویل عرصہ سے پاکستان میں اپنے اجراء یعنی 1986ء سے معیاری صحافت کی فراہمی کیلئے مشہور ہے اور نوائے وقت گروپ کے تحت شائع ہوتا ہے۔
’’دی نیشن‘‘ ہفتہ، اتوار کو ’’دی نیو یارک ٹائمز‘‘ کی عالمی رپورٹ شائع کیا کریگا
Aug 30, 2024