پشاور(بیورو رپورٹ)گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے خیبر پی کے میں حکومت کی رٹ ختم ہوگئی ہے، ہم پڑوسی نہیں بدل سکتے مگر حالات ٹھیک کرسکتے ہیں، وفاقی حکومت کو خیبر پی کے کے حالات پر کل جماعتی کانفرنس اے پی سی بلانا ہوگی، 9 مئی ملک دشمنی کا واقعہ ہے جس پر کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے، مگر یہ ایک سال جیل کاٹنے کے بعد مگرمچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔اقبال اکادمی پاکستان لاہور کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کنڈی نے کہا خیبر پی کے میں اس وقت اچھے حالات نہیں، صوبہ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے گزر رہا ہے، فوج اور پولیس پر حملے ہورہے ہیں، 2013 میں پرامن صوبہ پی ٹی آئی کے حوالے کیا، ان لوگوں نے اے پی سی کے بچوں کے قاتلوں کو واپس بسایا۔فیصل کنڈی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایک مقصد لوٹ مار کس طرح کرنی ہے، ان کے اپنے وزرا کرپشن کی داستانیں بیان کر رہے ہیں، وزیراعلی صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے ڈر رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے دورہ لاہور کے دوران پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن سے ملاقات کی،ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرفیصل کریم کنڈی نے کہا خیبر پی کے میں سیاسی قیادت کو صوبائی حقوق کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔