کراچی ،حیدرآباد،ٹوکیو( کامرس رپورٹر، بیورو رپورٹ) مون سون کے طوفانی سپیل کے سبب کراچی اور حیدرآباد میں آج(جمعہ) سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ بندش کا فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی جبکہ حیدرآباد اسکول کی بندش کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنرزین العابدین میمن نے جاری کردیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رن آف کچھ کے قریب موجود ڈیپ ڈپریشن بحیرہ عرب میں پہنچنے کے بعد سمندری طوفان کی شکل اختیار کرسکتا ہے، جو لگ بھگ 48 سال بعد بحیرہ عرب میں اگست کے مہینے میں بننے والا پہلا سمندری طوفان ہے، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے دیہی ساحلی علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔طوفان شانشان کے جاپان میں جزیرے کیوشو سے ٹکرانے کے بعد نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا ۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں سینکڑوں پروازیں منسوخ، بلٹ ٹرین سروس معطل اور ٹویوٹا جیسی بڑی کمپنی نے اپنی فیکٹریاں بند کر دی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ جاپانی ایئر لائنز کا 600سے زائد ملکی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کیوشو کے کئی علاقوں میں ٹرین سروس بھی معطل ہے۔ چیف کابینہ سکریٹری یوشیما ساحیاشی نے بتایاکہ طوفان شانشان کے باعث ٹکرانے کے باعث 3افراد ہلاک، 1لاپتہ جبکہ 7افراد زخمی ہوگئے ہیں۔کیوشو الیکٹرک پاور کمپنی نے بتایاکہ جاپان کے7پرفیکچرز میں شدید بارشوں اور تیز ہوائوں سے 2لاکھ 50ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔علاوہ ازیں، جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق طوفان کے باعث میازاکی شہر میں عمارتوں کی دیواریں گرگئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ طوفان کی رفتار 198کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو کے شہر سٹسوما سینڈائی کے قریب آیا۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ طوفان اگلے چند دن بعد دارالحکومت ٹوکیو سمیت وسطی اور مشرقی علاقوں کی طرف بڑھے گا اور یہ خطے کو متاثر کرنے والے اب تک کے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقامی حکومتوں نے کئی پریفیکچرز میں لاکھوں افراد کے لیے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔
بحیرہ عرب میں 48 سال بعد سمندری طوفان، کراچی و دیگر شہروں میں آج موسلادھار بارش
Aug 30, 2024