علما و مشائخ آج  خطبات جمعہ میں بلوچستان دہشت گردی کی مذمت کریں، طاہر اشرفی

Aug 30, 2024

اسلام آباد(خبرنگار)پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد شفیع قاسمی، علامہ زبیر عابد، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا ابو بکر حمید صابری اور دیگر نے اپیل کرتے ہوئے کہا تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ خطبات جمعہ میں گذشتہ دنوں بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کریں اور قومی یکجہتی اور وطن عزیز پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں سے عوام الناس کو آگاہ کریں پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا ملک ہے اور یہاں پر مختلف قومیت کے لوگ رہتے ہیں، بلوچستان ہو یا پنجاب ، سندھ ہو یا خیبر پختونخواہ ، آزاد کشمیر ہو یا گلگت بلتستان ، سب پاکستان کا حصہ ہیں اور وہاں کے رہنے والے سب پاکستانی ہیںانہوں نے کہا کہ کسی بھی گروہ ، جماعت یا فرد کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پاکستان میں لسانیت ، صوبائیت ، فرقہ واریت کی بنیاد پر تعصبات کو پھیلائے اور عوام الناس میں نفرت پیدا کرے حافظ محمد طاہرمحمود  اشرفی نے اپیل کی کہ تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ نماز جمعہ کے بعد بلوچستان میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کیلئے بھی خصوصی دعا کروائیں۔

مزیدخبریں