لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کی شوگر ملوں کے تمام اہم ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں یہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ شوگر انڈسٹری کیلئے اتنی سخت ریگولیشن میں اگلا کرشنگ سیزن شروع کرنا ناقابلِ عمل ہے لہذا مکمل اتفاقِ رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلا کرشنگ سیزن تب تک نہیں شروع ہو گا جب تک شوگر انڈسٹری صوبائی اور فیڈرل کی سطح پر مکمل طور پر ڈی ریگولیٹ نہیں کی جاتی اوراسے فری مارکیٹ کی سہولت نہیں مل جاتی۔ جس طرح گندم، چاول اور مکئی کی فصلوں میں فری مارکیٹ کی سہولت موجودہے۔مزید براں شوگر ملیں اس وقت تک بھی نہیں چلیں گی جب تک شوگر ملوں کے پاس موجود چینی کا سٹاک ختم نہیں ہو جاتا۔شوگر انڈسٹری پچھلے کافی مہینوں سے فاضل چینی کے 15 لاکھ ٹن سٹاک برآمد کرنے کی اجازت مانگ رہی ہے جس میں سے حکومت نے تقریباََ ڈھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔ تمام ممبران نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ جب تک چینی کا باقی12.5 لاکھ ٹن سرپلس سٹاک ملوں کے گوداموں میں موجود ہے ، شوگر انڈسٹری ملیں نہیں چلا پائے گی۔یہ سب اقدامات کاشتکاروں کے حق کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں۔
چینی سٹاک ختم ہونے تک اگلا کرشنگ سیزن شروع کرنا ممکن نہیں: شوگر ملز ترجمان
Aug 30, 2024