لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کی درخواست پر پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ کو متعلقہ عدالت کے روبرو ضمانت کیلئے 10روزکی مہلت دے کر درخواست نمٹا دی۔ وکیل وفاقی حکومت نے موقف اپنایا کہ اسلام آباد ایف آئی اے میں عالیہ حمزہ کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے، تمام صوبوں میں کوئی ایف آئی آردرج نہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ آ پکی رپورٹ کیا ہے؟ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان نے کہا کہ رپورٹ سابقہ تاریخ پرجمع کروا چکے ہیں۔ عالیہ حمزہ نے ان تمام کیسزمیں عبوری ضمانت بھی کروا رکھی ہے۔ عالیہ حمزہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی ایک لمحے نہیں گھبرائی۔ سلمان اکرم راجہ نے میرا بڑا ساتھ دیا۔ مجھے بہت اچھی فیملی ملی، میرے شوہر نے میرے والد جیسے سسر نے میری غیر موجودگی میں بھی میرا ساتھ دیا۔ میرے لیڈر نے سکھایا ہے کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی گھبرانا نہیں ہے، آج کی خواتین مردوں سے زیادہ مضبوط ہیں، آپ ہمارے نظریے کو ہماری سوچ کو قید نہیں کر سکتے، میں پاکستان کی تمام خواتین کیلئے رول ماڈل ثابت ہوئی ہوں۔
عالیہ حمزہ کو متعلقہ عدالت میں ضمانت کیلئے 10 روز کی مہلت
Aug 30, 2024