مری (نامہ نگار خصوصی ) ملکہ کوہسار مری میں مون سون بارشوں کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس مری نے ملکہ کوہسار مری آنے والے سیاحوں کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی۔ چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی نے ڈی ایس پی ٹریفک مری ابرار سرور قریشی اور مری ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات ٹریفک افسران و اہلکاروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک افسران و اہلکاران ایمانداری سے ٹریفک ڈیوٹی سر انجام دیں تاکہ مری آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ڈی ایس پی ٹریفک مری اور دیگر افسران خود فیلڈ میں رہ کر سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں، سی ٹی او مری مغیث احمد ہاشمی نے ڈی ایس پی ٹریفک مری کو یہ بھی ہدایت کی کہ مری چونکہ ایک پہاڑی علاقہ ہے اور ایس او پی کے مطابق مری میں داخل ہونے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس، پبلک سروس گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ اور بڑی گاڑیوں کے داخلے کے لیے صوبائی گورنمنٹ کی ایس او پی پر سختی سے عمل دارآمد کروایا جائے تاکہ ماضی کی طرح کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، سی ٹی او مغیث احمد ہاشمی کا مزید کہنا تھا ک سیاح مری آنے کے لیے مکمل طور پر درست گاڑی کا انتخاب کریں، گاڑی کے وائپر اور لائٹس مکمل طور پر درست حالت میں رکھیں، سِلپری روڈ اور خطرناک موڑ ہونے کی وجہ سے تیز رفتاری سے گریز کریں، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ ون وے کی خلاف ورزی اور غلط اوور ٹیکنگ نہ کریں، مری کی تمام سڑکیں دو طرفہ ہیں لہٰذا ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں۔ گاڑی کو روڈ پرکھڑی کرکے تصاویر نہ بنائیں تا کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو، شاہراہوں پر کھڑے ٹریفک وارڈنز افسران کی ہدایات پر عمل کریں یہ آپکی زندگی کو محفوظ اور سفر کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مری میں ٹریفک پرابلم پیش آنے کی صورت میں ٹریفک کنٹرول روم نمبر 0519269200 پر رابط کریں۔
مون سون بارشیں، مری آنیوالے سیاحوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری جاری
Aug 30, 2024