اسلام آباد+لاہور (خبر نگار+خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے یکم ستمبر سے ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک کے فیز ٹو کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک کو گراس روٹ لیول تک منظم کرنا اور عوام کی اس میں بڑی تعداد میں شمولیت اہم اہداف ہیں۔ پورے ملک میں ممبرشپ ہو گی، یوتھ کو خصوصی فوکس کیا جائے گا۔ خواتین کو ممبر بنائیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کرپشن کی کہانی ہے، قوم کے اربوں لوٹے جا رہے ہیں۔ شریف خاندان نے کیپسٹی چارجز کی مد میں سیکڑوں ارب کھائے، اب یہ خود انہیں ختم کرنے کا اعلان کر کے پہل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے ایک دوسرے سے سٹریٹیجک مفادات وابستہ ہیں۔ معاہدوں پر چین سے بھی بات ہو سکتی ہے۔ ڈھنگ سے بات کی جائے تو ہمارا دوست ملک انکار نہیں کرے گا۔ حکمران خود ہی عوام کو ریلیف دینے کو تیار نہیں، یہ معاشی دہشت گردی کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخاب کو ملتوی کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ اس کی مذمت کرتا ہوں۔