وزیر اعظم پاکستان اور چیف ایڈوائزر، حکومت عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور  عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کی حکومت کےچیف ایڈوائزر عزت مآب پروفیسر محمد یونس کے درمیان آج ٹیلی فونک رابطہ ہوا ۔  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور بنگلہ دیش کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی  خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید اتفاق کیا کہ وسیع تر علاقائی تعاون جنوبی ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پروفیسر محمد یونس نے ٹیلی فون کال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن