بلوچستان میں نفرت کے بیج بونے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نفرت کے بیج بونے والوں کو کوئی جگہ نہیں ملے گی، پاکستان کے دشمنوں سے بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، دشمنان پاکستان کو عبرت کا مقام بنائیں گے، دہشت گرد پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنا چاہتے ہیں، پاک فوج کے جوان دن رات دہشت گردوں کا پیچھا کررہے ہیں۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کوئٹہ کا دورہ کیا اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا، ہم نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی، شہدا کے ورثاء بہت حوصلے میں تھے، بلوچستان کے چیلنجز پر کور کمانڈر کوئٹہ نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں جو کچھ ہوا وہ دہشت گردی کی انتہا تھی، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گرد اور کچھ خارجی عناصر مل کر بلوچستان میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں، دہشت گردوں کو باہر سے مدد مل رہی ہے، بلوچستان میں نفرت کے بیج بونے والوں کو کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرفراز بگٹی کی حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نے یوتھ کیلئے بہت اچھے پروگرام مرتب کئے ہیں، پاکستان آرمی کے افسر اور جوان دن رات دہشت گردوں کا پیچھا کر رہے ہیں، پاک آرمی کے افسران اور جوانوں کو وفاقی اور صوبائی گورنمنٹ کی پوری سپورٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 26 تاریخ کو ایسا ماحول پیدا کیا گیا جیسے بلوچستان میں علیحدگی کی تاریخ چل رہی ہے، بلوچستان کے لوگ محبت وطن ہیں وہ چاہتے ہیں ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے، ہم نے دورے کے دوران تمام لوگوں کے مشوروں کو سنا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن مخالفوں کے ساتھ بات چیت کا سوال پیدا نہیں ہوتا، بعض سیاسی زحما نے کہا نوجوانوں کو مختلف بیانیوں کے ذریعے بھٹکایا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور سے بلوچستان بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتا ہے، دورہ کوئٹہ کے دوران یہ بات ڈنکے کی چوٹ پر پوچھی کہ کیا چین پاکستان کا دوست ہے یا نہیں، سب نے کہا چین پاکستان کا دوست ہے، دہشتگرد سی پیک کو عوام کی ترقی کیلئے پروموٹ نہیں کرنا چاہتے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ جلد وزیراعلیٰ بلوچستان سے میٹنگ کروں گا، وفاقی حکومت جو کچھ کر سکتی ہے وہ کریں گے، ایک بات طے ہے دشمنان پاکستان کو مل کر مقام عبرت بنائیں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن