رونالڈو کا یوٹیوب چینل گینیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

دنیا کے نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے یوٹیوب چینل کو گینیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے 21 اگست کو اپنا یوٹیوب پر چینل لانچ کیا جس نے لانچ کے بعد اب تک کئی ریکارڈز توڑ دیے۔تاہم اب رونالڈو کے یوٹیوب چینل ’یور کرسٹیانو‘ نے عالمی ریکارڈ بُک ’گینیز ورلڈ ریکارڈ‘ میں جگہ بنا لی ہے، گینیز ورلڈ ریکارڈ نے اسٹار فٹبالر کے یوٹیوب چینل کو 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کرنے والے چینل کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔رپورٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے چینل نے صرف 22 منٹ میں 1 لاکھ سبسکرائبرز، 47 منٹ میں 10 لاکھ سبسکرائبرز اور 11 گھنٹے 31 منٹ میں 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کر لیے تھے جبکہ 1 ہفتے میں 50 ملین افراد سبسکرائب کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رونالڈو کو فیس بک پر 17 کروڑ صارفین، انسٹاگرام پر 63 کروڑ 60 لاکھ افراد اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر 11 کروڑ 26 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں. ان کے نام سے مختلف میڈیا اداروں نے واٹس ایپ پر بھی چینل بنائے ہوئے ہیں جہاں لاکھوں افراد موجود ہیں۔کرسٹیانو رونالڈو جنوبی یورپ کے ملک پرتگال سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ قومی ٹیم کے اسٹار ہیں، وہ اسپین کے فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور برطانیہ کے فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے بھی کھیلتے رہے ہیں۔ اس وقت وہ سعودی فٹ بال کلب النصر سے وابستہ ہیں جسے انہوں نے دسمبر 2022 میں جوائن کیا تھا۔النصر فٹ بال کلب نے پرتگال کے کپتان اور پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی سے ڈھائی سال کے لیے معاہدہ کیا تھا .جس کی مد میں رونالڈو کو ایک اندازے کے مطابق سالانہ 17 کروڑ 50 لاکھ یوروز ادا کیے جائیں گے جو کسی بھی اسپورٹس میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن