اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان دوہزار دس میں اپنے مقاصد کے قریب تر رہا اور بہت سی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوہزار دس کی سب سے بڑی کامیابی چینی وزیراعظم وین جیا باؤکا دورہ پاکستان تھا جس کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔عبدالباسط نے دوہزار گیارہ کو سفارتی لحاظ سے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ برس امریکہ ، فرانس اور برطانیہ کے سربراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے لیے کوشش کی گئی جو ناکام ہوئی۔ پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کے بعد دونوں ممالک میں باضابطہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ممبئی حملوں کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کررہا ہے۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا خاتمہ اور مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانا ہوگا۔