لاہور (رپورٹ سلمان غنی) مسلم لیگ ن آج یوم تاسیس پر اپنے تنظیمی کنونشن کے ذریعہ ملک میں مﺅثر احتسابی عمل حکومتی سطح پر کرپشن اور کمیشن کے رجحان کے خاتمہ، عوامی مسائل خصوصاً مہنگائی، بے روزگاری کے رجحان کے سدباب، گورننس کی فراہمی کے عمل اور مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی جس پر موقف کے اظہار کےلئے مذکورہ ایشوز پر قراردادیں لائی جارہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ جمہوریت کے مستقبل کےلئے یہ فیصلہ کن موڑ ہے اور ہمیں زیادہ ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے عوام کے اعتماد پر بھی پورا اترنا ہے اور جمہوریت اور جمہوری سسٹم کو بھی مستحکم کرنا ہے لہٰذا جماعت کو نئے سرے سے سمجھتے ہوئے مضبوط سیاسی کمٹمنٹ سے آگے بڑھنا ہے اور مسلم لیگ ن کے ذمہ دار ترین ذرائع نے گذشتہ رات نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھی اور جمہوری حکومت ہمیشہ امن و امان عدل و انصاف کے قیام کے ساتھ عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کو مشکلات سے نکلنے میں مدد اور رہنمائی فراہم کرتی ہے اور اسے ہر دوسری سرگرمی پر فوقیت حاصل ہوتی ہے لیکن مسلم لیگ ن کی اعلیٰ سطح قیادت اب تک کی حکومتی کارکردگی پر غوروغوض کے بعد اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ آج جمہوریت کے نام پر بننے والی حکومت ملک کے سیاہ و سفید کی ذمہ دار ہے اس کا امتیازی وصف حکمرانی کا فقدان عوامی مسائل سے غفلت، بیرونی عناصر کی کاسہ لیسی، کرپشن کا فروغ، نااہلوں کی سرپرستی اور ملکی مفادات کو نظرانداز کر کے اپنی ذاتی و گروہی اہداف کا حصول ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت چلانے کے یہ انداز اور اطوار جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ بنتے جارہے ہیں اور اس کے مستقبل کےلئے خطرہ ہیں۔ حکومت پر سیاسی دباﺅ بڑھایا جائے اور پارلیمنٹ کے اندر اور باہر قومی و عوامی ایشوز پر آواز اٹھائی جائے۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن تبدیلی کے آپشنز کو سمجھتی مگر ہم نہیں سمجھتے کہ موجودہ صورتحال میں ان ہاﺅس تبدیلی کا آپشن بروئے کار لایا جائے کیونکہ ایسی تبدیلی محض چہرے کی تبدیلی تو ہو سکتی ہے لیکن اس کے نتائج ملک و قوم کےلئے بہتر نہیں ہو سکتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ تبدیلی وہی مﺅثر اور کارگر ہوگی جو عوام کی تائید و حمایت سے جمہوری انداز میں آئے۔ دریں اثناءمسلم لیگ کے 104ویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام آج ایکسپو سنٹر جوہر ٹاﺅن میں تقریب ہوگی جس میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے مرکزی قیادت اور ورکرز بھرپور شرکت کریں گے۔ صدارت نواز شریف کریں گے۔ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ایکسپو سنٹر کا دورہ کیا اور تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تقریب میں سردار مہتاب احمد خان، سلیم ضیائ، خدائے نور، چودھری نثار، جاوید ہاشمی، ذوالفقار کھوسہ، غلام دستگیر، احسن اقبال، خواجہ آصف، سعد رفیق، صدیق الفاروق، تہمینہ دولتانہ، عشرت اشرف، غوث علی شاہ، ممنون حسین، اقبال ظفر جھگڑا، ثناءاللہ مری، راجہ فاروق حیدر و دیگر شرکت کرینگے۔