لاہور +بہاولپور (خصوصی رپورٹر +نامہ نگار ) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ زربابا چالیس چوروں نے ملک کی دولت لوٹ کر بیرون ممالک بھجوائی ہے۔ اس کرپٹ مافیا کے اربوں روپے کی کرپشن کی وجہ سے پنجاب کی ٹیکسٹائل ملیں بند ہوچکی ہیں اور لاکھوں مزدور بیروزگار ہوگئے ہیں۔ نااہل حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک میں ہرطرف اندھیروں کا راج ہے۔ نیت صاف ہو، ایمان مضبوط ہو، ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ موجود ہو تو اللہ تعالیٰ بھی مدد کرتا ہے اور کٹھن منزل آسان ہوجاتی ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک کواندھیروں سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ بہاولپور کے صوبے کی حیثیت بحال کریں گے اور یہاں کے لوگوں کو ان کے حقوق دلائیں گے۔گزشتہ پونے پانچ برس کے دوران بہاولپور ڈویژن میں 19ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ وہ ہیڈ راجکاں، یزمان میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ شہباز شریف نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں ملک سے کرپشن اور کرپٹ مافیا سے نجات کے لئے عوام پاکستان مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیں۔ لٹیروں سے قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی وصول کرکے عوام کے قدموں پر نچھاور کردیں گے۔ زربابا چالیس چوروںکی لوٹ مار سے صنعت و زراعت سمیت تمام شعبے تباہ ہوگئے ہیں۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر اندھیرے ایک سال میں ختم کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ الیکشن کسی کو ہٹانے یا لانے کے لئے نہیں بلکہ ملکی بقا اور سلامتی کے لئے ہیں۔ کرپٹ حکمرانوں نے جس طرح بیدردی سے قومی دولت لوٹی ہے اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ملک میں دہشت گردی، سفارش، رشوت اور دھاندلی کا بازار گرم ہے۔ تھانہ کچہری میں لوگوں کو انصاف نہیں ملتا،ہمارے بزرگوں نے لاکھوں قربانیاں دیکر یہ ملک حاصل کیا جس میں نواب صادق عباسی کی قربانیاں بھی شامل ہیں لیکن مقام افسوس ہے کہ اس ملک کو کھوکھلاکردیا گیا ہے۔ آشیانہ سکیم سے متعلق اجلاس کی صدارت میں محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیمیں کم آمدن والے خاندانوں کے لئے شروع کی گئی ہیں،جس سے مزدور،کسان،بے سہارا، یتیم اوربیوہ کے لئے اپنی چھت کاخواب پورا ہواہے۔آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں میں وزراءاور افسران کی رہائشی کالونیوں سے بڑھ کر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہےںکیونکہ سرکاری وسائل پر محروم معیشت طبقات کا بھی پورا حق ہے۔ دریں اثناءمحمد شہباز شریف نے سیرپ کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سیرپ کی تیاری کے لئے درآمد شدہ خام مال اورتیار شدہ سیرپ کا تمام سٹاک فوری طور پر ضبط کر لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ضبط شدہ سیرپ کے نمونے فوری طور پر ٹیسٹ کے لئے بیرون ملک بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ کی معروف لیبارٹری کی رپورٹ کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ صحت نے صوبے میں کعھانسی کے شربت ڈیکٹرو متھارفین اور ٹائنو کی ضبطگی کیلئے کارروائی شروع کر دی ہے۔ٹیرا ڈیٹا کارپوریشن کے سی ٹی او سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آئی ٹی تعلیم کو فروغ دینا میرا مشن ہے۔ پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر ”سلیکون ویلی“ بنانا چاہتے ہیں۔