لاہور + اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں موسم گذشتہ روز بھی سرد اور خشک رہا جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش سے موسم مزید سرد اور نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ لاہور میں شدید دھند کے باعث موٹروے اور ایئرپورٹ کئی گھنٹے تک بند رہے، لاہور آنے والی پروازوں کو کراچی اتار لیا گیا اور کئی پروازیں متاثر ہوئیں۔ جمعرات کی شب سے مری میں شروع ہونے والی برفباری کا سلسلہ ہفتہ کی صبح 5 بجے کے بعد رک گیا۔ رات گئے تک 3 فٹ برف پڑی اور سیاح بڑی تعداد میں پھنس کر رہ گئے۔ مری میں گاڑیاں پھنس جانے کے باعث اسلام آباد ایکسپریس روڈ بند کر دی گئی، کئی سیاہ پھنس گئے۔ ترجمان موٹروے کے مطابق مری میں برفباری کے باعث سڑکوں پر شدید پھسلن ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ بند کر دیا گیا اور دھند چھٹنے کے بعد ایئرپورٹ کھول دیا گیا۔ ائرپورٹ حکام کے مطابق لاہور ایئرپورٹ آنے والی تمام پروازوں جن میں دوجہ سے لاہور آنے والی قطر یائرویز کی پرواز 322، دبئی سے لاہور آنے والی امارات کی پرواز 622، دبئی سے لاہور آنے والی اتحاد ائر لائن کی پرواز 241 کو اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ بنکاک سے لاہور آنے والی پروا ز پی کے 893 بھی اسلام آباد منتقل کر دی گئی ہے جبکہ دھند کے باعث اسلام آذباد سے لاہور موٹروے کئی گھنٹوں کے بعد کھولی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید سردی کی موجودہ لہر مزید دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت، ہزارہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیتر میدانی علاقوں، پشاور، سکھر میں رات اور صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں مسلسل تین روز سے پڑنے والے اولوں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے، سکردو، استور اور دیامر کے کئی بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ مکمل طو ر پر منقطع ہو گیا۔ سوات کے تفریحی مقامات میاندم، کالام اور مالم جبہ میں بھی ہفتہ کو بھی صبح سے ہی وقفے وقفے سے برفباری ہوئی، بعض علاقوں میں ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ کاغان، ناران اور شوگران کے تفریحی مقامات کے حسن کو برفباری کے بعد چار چاند لگ گئے ہیں۔ ادھر شدید دھند کے باعث موٹروے لاہور سے خانقاں ڈوگراں انٹرچینج تک ٹریفک کے لئے کئی گھنٹے بند رہا، علی الصبح لاہور موٹروے پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی۔ ادھر کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 10 سنٹی گریڈ تک گر گیا۔