حافظ آباد: مسافروں سے زائد کرایوں کی وصولی کا سلسلہ جاری‘ حکام ”خاموش“

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد سے براستہ موٹروے لاہور اور فیصل آباد جانے والی مسافر گاڑیوں نے زائد کرایوں کی وصولی معمول بنا لیا‘ جس کے باعث ٹرانسپورٹروں اور مسافروں میں لڑائی جھگڑے ہونے لگے‘ عوامی و سماجی حلقوں نے آر ٹی سیکرٹری حافظ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ گاڑیوں میں کرائے نامے آویزاں کرائے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد سے دوسرے شہروں میں براستہ موٹروے جانے والی گاڑیوں نے کرایوں کی زائد وصولی کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے۔ حافظ آباد ووڈ ایسوسی ایشن کے نائب جنرل سیکرٹری فاروق احمد‘ سماجی کارکن عثمان منظور رندھاوا‘ رانا شاہد نسیم‘ میاں عنصر اشرف ورک‘ شیخ ثاقب عبدالستار‘ سعید احمد و دیگر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اوور لوڈنگ اور زائد کرائے وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام نے فوری اقدامات نہ کئے تو عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن