واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ کی نئی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر واشنگٹن اور کابل سکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے میں ناکام رہے تو افغانستان بڑی تیزی سے بدامنی کا شکار ہو سکتا ہے اور گذشتہ تین سال کے دوران امریکہ اور اتحادیوں نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ضائع ہو سکتی ہیں۔ یہ بات اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ اخبار کے مطابق یہ انٹیلی جنس رپورٹ 16ایجنسیوں نے تیار کی ہے۔ رپورٹ میں حکام کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اپنی تاریخ کی سب سے طویل جنگ کو ختم کرنے کے بعد افغانستان میں طالبان اور دیگر پاور بروکرز کا اثرورسوخ بڑھ سکتا ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے 2014ء کے بعد چند ہزار فوجی افغانستان میں رکھے اور کابل کی مالی امداد بھی جاری رکھی پھر بھی امکان ہے کہ امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے گذشتہ 3 سال کے دوران حاصل کی گئی کامیابیاں ختم ہو جائیں گی۔ اخبار کے مطابق رپورٹ سے آگاہی رکھنے والے ایک عہدیدار کا کہنا ہے افغانستان میں عدم موجودگی اور مالی امداد کی بندش سے افغانستان کی صورتحال بڑی تیزی سے خراب ہو گی تاہم بعض عہدیداروں کا کہنا ہے رپورٹ میں بتائی گئی صورتحال کے برعکس افغانستان کی سکیورٹی فورسز کی حالات سے نمٹنے کیلئے بہتر تربیت کی گئی ہے۔