جلال پور بھٹیاں (نامہ نگار) حالیہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے کئی امیدوار زرعی بینک کے نادہندہ نکلے۔ نادہندگان کے خلاف کارروائی سے کروڑوں روپے کی ریکوری کرکے قومی خزانہ میں جمع کرا دی گئی جبکہ 12 نادہندگان کے کیس بینکنگ کورٹ اور 35 کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے اور چار کو جیل بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے درجنوں افراد زرعی بنک پنڈی بھٹیاں حافظ آباد کے نادہندہ نکلے جن کیخلاف کارروائی کرکے 52 کروڑ روپے کی ریکوری کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائی گئی۔ زرعی بنک پنڈی بھٹیاں کے منیجر میاں محمد رفیق کے مطابق تحصیل پنڈی بھٹیاں میں کسانوں کو مختلف مدوں میں 40 کروڑ ورپے کے قرضے دئیے گئے ہیں جن امیدواروں نے ابھی تک رقم جمع نہیں کرائی انکو نااہل کرایا جائیگا۔