کوئٹہ (بی بی سی) کوئٹہ میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم پر دستی بم سے حملہ میں راہ چلتی بچی زخمی ہو گئی تاہم پولیو ورکر محفوظ رہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پشتون آباد کے علاقے میں عثمان چوک پر ہوا۔ حکام کے مطابق پولیو ٹیم کے رضاکار قطرے پلاکر سوزوکی پک اپ میں واپس جا رہے تھے جب یہ حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سوزکی پک اپ پر دستی بم پھینکا۔ بچی کے رشتے داروں کے مطابق وہ قاعدہ پڑھنے کے لئے مسجد جا رہی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان میں پولیو ٹیموں پر حملے ہو چکے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق حملے میں دو پولیو ورکرز بھی زخمی ہو گئے۔
کوئٹہ :پولیو ٹیم پر دستی بم حملہ، 5 سالہ بچی زخمی
Dec 30, 2013