لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام پاکستانی حکمرانوںکو بھارت کی دہلیز پر نہیں جھکنے دیں گے۔ کشمیریوں کا خون اتنا سستا نہیں کہ آلو، پیاز اور ٹماٹر کی تجارت کیلئے اسکو فراموش کردیا جائے، پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہم انکی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں اور انکی سرپرستی جاری رکھیں گے۔ وزارت خارجہ اور وزیراعظم ہوش کے ناخن لیں اور بھارت کو سر پر بٹھانے کی پالیسی ترک کردیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف بھارت میں دشمن کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر لڈیاں ڈالتے رہے جس سے پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھک گیا۔ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کے ساتھ حکمرانوں کی محبت کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ ہم بھارت کی کالونی نہیں بن سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان روڈ پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد، علامہ جاوید قصوری اور ذکر اللہ مجاہد نے کی۔
کشمیریوں کا خون آلو، پیاز کی تجارت کیلئے فراموش نہیں کرسکتے: لیاقت بلوچ
کشمیریوں کا خون آلو، پیاز کی تجارت کیلئے فراموش نہیں کرسکتے: لیاقت بلوچ
Dec 30, 2013