پشاور: شوکت خانم ہسپتال کا افتتاح کینسر کے شکار بچے نے کر دیا، عمران نے5 کروڑ کاپلاٹ ہسپتال کو دیدیا

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+اے این این) کینسر کے شکار 7 سالہ بچے نے پشاور میں شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کا افتتاح کردیا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے پشاور میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کسی خواب سے کم نہیں ‘ عقل کا غلام اس طرح کے ہسپتال نہیں بنا سکتا‘ اللہ پر یقین رکھنے والا ہی ایسا ہسپتال بنا سکتا ہے، ہمارے ہسپتال میں کوئی وی آئی پی کمرہ نہیں ہوگا اور تمام مریضوں کا یکساں علاج ہوگا۔ ہسپتال کا افتتاحی فیتہ لاہور کے شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج کینسر کے مریض 7 سالہ فاخر آفریدی نے کاٹا۔ عمران خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا میاں نواز شریف جب وزیر اعلیٰ تھے تو انہوں نے 50 کروڑ روپے کا فنڈ دیا لیکن کینسر ہسپتال نہیں بناسکے۔ مجھے بھی تمام لوگوں نے کہا کینسر ہسپتال بنانا ممکن نہیں لیکن میں نے پاکستان میں کینسر ہسپتال بنا کر دکھایا۔ انہوں نے کہا پہلی دفعہ لوگوں نے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان کرکے صرف 15 ہزار ڈالر دئیے لیکن چندے کیلئے ہونے والی تقریب میں اپنے لیے تالیاں بجوالیں۔ این این آئی کے مطابق عمران خان نے اپنا 5 کروڑ روپے کا پلاٹ ہسپتال کے نام کر دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا پاکستان کے لوگوں کی فیاضی اور جذبوں کو دیکھ کر مجھ میں تبدیلی آئی۔ میوہسپتال میں غریب مریضوں کی حالت دیکھ کر ہسپتال بنانے کی ٹھان لی۔ ہسپتال کی تعمیر کیلئے مجھے طنز اور طعنے ملتے بچوں کو بھیک مانگنے پر لگا دیا۔ میرا جواب تھا آئی ایم ایف سے مانگتے ہو تو بھیک نہیں ہوتی۔ پہلے چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑ پڑتا تھا اب جو مرضی کہہ لیں مجھے فرق نہیں پڑتا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان اپنی ہی بات پر قائم نہ رہ سکے۔ کینسر ہسپتال کی تقریب سے خطاب میں کہا پہلے بات بات پر لڑتاتھا لیکن چندہ جمع کرنے کے باعث مجھ میں برداشت آگئی۔ عمران یہ کہنے کے بعد ایک احتجاج کرنے والے شخص پر برس پڑے اور کہا بدمزگی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایسا کرو گے تو تقریب سے نکال دیں گے۔ این این آئی کے مطابق عمران خان نے کہا شوکت خانم ہسپتال کے افتتاح کی خوشی میں رات بھر سو نہ سکا، ورلڈکپ جیتنے کی خوشی کے بعد آج ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ جلد کراچی میں کینسر ہسپتال کیلئے کام شروع کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا جہانگیر ترین کی تاریخی کامیابی نے ثابت کر دیا اگلے انتخابات میں ساری سیاسی پارٹیاں بھی اکٹھی ہو جائیں تو پی ٹی آئی سے نہیں جیت سکیں گی۔ اے این این کے مطابق ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر تقریب کے باہر پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ناظمین اور کونسلرز نے اختیارات، دفاتر اور فنڈ سے محرومی پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عمران خان کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس نے مظاہرین کو عمران خان کے قریب جانے سے روک دیا۔ بلدیاتی نمائندوں نے عمران خان کو ہسپتال میں جانے سے روکنے کے لیے گیٹ کا گھیراؤ کیا۔ عمران خان کے پہنچنے پر پولیس نے مظاہرین کو ہسپتال کے دروازے سے ہٹا دیا اور کئی افراد کو حراست میں بھی لیا۔ علاوہ ازیں پشاور کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ نے بھی فیسوں میں اضافے اور داخلے نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے شوکت خانم کے گیٹ پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو روک لیا تاہم بعد میں وزیراعلیٰ کی یقین دہانی پر ان کو تقریب میں شرکت کرنے کے لیے جانے دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن