کوہاٹ (آن لائن+آئی این پی)آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں ملوث مزید 4 دہشت گردوں کو سنٹرل جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ،چاروں دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں بھی ملوث تھے، جیل کے ارد گرد سکیورٹی انتہائی سخت رہی۔تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک سکول پشاور اور سکیورٹی فورسز پرحملوں میں ملوث چار دہشت گردوں مراد، نورسعید، اسرار الدین اور عنایت اللہ کو منگل کی صبح سنٹرل جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔اس موقع پر جیل کے ارد گرد سکیورٹی انتہائی سخت رہی اور کسی کو پیر کی رات سے جیل کے اندر جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ آور سکیورٹی فورسز پر حملوں، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد سنگین جرائم میں بھی ملوث تھے اور ان افراد کو خیبرایجنسی اور پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چار دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کیے تھے، جنہیں فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔ مجرموں نے دہشت گردوں کی مالی معاونت بھی کی تھی۔ دسمبر 2014 کے بعد سے 11 ماہ میں 300 سے زائد افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔