لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 16 کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاہم ان میں محمد عامر کا نام شامل نہیں کیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے پر سلیکشن کمیٹی کو گرین سگنل نہیں ملاجبکہ سلیکشن کمیٹی عمر اکمل اور صہیب مقصود کو بھی سیریز سے ڈراپ کرنے کے بارے میں غور کر رہی ہے ۔ ابتدائی طور پر صرف ٹی 20 ٹیم کا اعلان کئے جانے کا امکان ہے۔ ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سکواڈ میں محمد عامر کو شامل کرنے کی باتیں بھی کی جا رہی ہیں لیکن ابھی تک ان کے ویزے کی درخواست نہیں دی گئی۔ ون ڈے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے عمر گل، عماد وسیم اور جنید خان کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ بلال آصف ، عامر یامین اور عمران خان جونیئر کو ٹیم سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس اینڈ ٹریننگ کیمپ میں گزشتہ روز بھی کھلاڑیوں نے ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ قذافی سٹیڈیم میں گذ شتہ روز دوپہر کو شروع ہونے والے سیشن میں کھلاڑیوں نے فزیکل فٹنس اور نیٹ پریکٹس میں بھرپور حصہ لیا۔اس موقع پر محمد حفیظ اپنے بیٹے کے ساتھ خوش گپیوں میں بھی مصروف رہے جبکہ محمد عامر نے بائولنگ کے ساتھ بیٹنگ بھی کی۔کیمپ کے اختتام پر ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو خصوصی لیکچر بھی دیا جس میں ڈسپلن اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی۔
دورہ نیوزی لینڈ: محمد عامر کی چھٹی‘ عمر گل‘ حماد وسیم‘ جنید خان کی سکواڈ میں شمولیت کا امکان
Dec 30, 2015