ملتان( کرائم رپورٹر) ملتان میں پولیس کے روئیے سے تنگ خاتون نے خود کو تیل چھڑک کر آگ لگا لی جبکہ لڑکی کو سسرال میں زندہ جلانے کی کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مظفر آباد کے علاقہ میں سابق شوہر کے بھائیوں کے رویہ سے تنگ خاتون نے خود کو آگ لگالی۔ معلوم ہوا کہ لابر موڑ کی رہائشی صائمہ بی بی کا سابقہ شوہر حمید ڈیڑھ سال قبل فوت ہوگیا جس کے بعد اس نے بلال سے شادی کرلی۔ صائمہ بی بی کا سابقہ خاوند کے بھائیوں سے تنازعہ چل رہا تھا اور انہوں نے اسکے شوہر بلال کیخلاف چوری کا مقدمہ درج کرادیا۔ پولیس بااثر ملزموں کی ایما پر صائمہ اور اسکے شوہر بلال کو تنگ کر رہی تھی جس سے دلبرداشتہ ہوکر گزشتہ روز صائمہ بی بی جسم پر پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگالی جس سے اسکا 60 فیصد جسم جھلس گیا اور صائمہ کو تشویشناک حالت میں نشتر منتقل کردیا گیا۔ دریں اثناء الپہ کے علاقے میں شادی شدہ خاتون پراسرار طور پر آگ لگنے سے جھلس گئی۔ مصباح کے مطابق اسکے سسرالی نادر سے شادی کرنے پر خفا تھے۔ آگ سے جھلسنے والی مصباح بی بی کے مطابق اسکی ساس زبیدہ بی بی اسے مناکر گھر لے گئی جس کے بعد بیٹی اور بہو سے مل کر آگ لگادی جبکہ زبیدہ بی بی کے مطابق مصباح نے خود آگ لگائی ہے۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔