سری نگر (اے این این+کے پی آئی+نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کے علاقے ہندواڑہ میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان خونریز جھڑپ میں ایک اہلکار واصل جہنم، ایک زخمی، بھارتی فوج کا دو مجاہدین کو شہید کرنے اور قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ، مجاہدین کے مزید گروپوں کی موجودگی پر علاقے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیاگیا۔ پلوامہ میں مجاہد کی شہادت کے بعد ہڑتال و احتجاجی مظاہرے چوتھے روز بھی جاری ہیں۔ ہائی کورٹ نے حریت رہنما مسرت عالم کو رہا کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ انہیں مقبوضہ کشمیر میں جلوس کے دوران پاکستانی پرچم لہرانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق راجواڑ کے بھون وٹسر علاقے میں مجاہدین کے خلاف آپریشن 12ویںروز میں داخل ہوگیا ۔ گزشتہ روز بھارتی فوج نے آپریشن میں مزید تیزی لاتے ہوئے متعدد علاقو ں کو گھیرے میں لیا۔ جھڑپ میں ایک فوجی ہلاک جبکہ 2 مجاہد شہید ہوگئے جھڑپ میں اہلکار زخمی بھی ہوا۔ دوسری جانب پولیس پر طالب علموں کے مستقبل کو تاریک بنانے کا الزام لگاتے ہوئے پانپور سے آئی ہوئی خواتین نے پریس کالونی میں احتجاج کیا اور گرفتار طالب علموں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ طلباء پر تشدد کے خلاف خواتین نے سرینگر پلوامہ روڈ دھرنا دیکر بلاک کردی۔ چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی نے یٰسین ملک اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف اقدامِ قتل کا کیس درج کرنے اور انہیں سرینگر سینٹرل جیل منتقل کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی، پی ڈی پی مخلوط سرکار نے ریاست جموں کشمیر کو ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے اور وہ آزادی پسندوں کو ہر سطح پر سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا براہ راست تعلق کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کے تعین سے ہے، بوج پتھری کو فوج کے فائرنگ رینج میں تبدیل کرنے کا حکومتی منصوبہ باعث تشویش ہے۔ انہوں نے پاکستان بھارت مذاکراتی عمل کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے پی ڈی پی کو خبردار کیا ہے کہ بھارتی فوج کو پلوامہ کا علاقہ لیز پر دینے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ مفتی سعید شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کررہے ہیں۔ فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر پاکستان اور بھارت کی جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے کوششیں رائیگاں جائیں گی، کشمیری عوام مذاکرات کے مخالف نہیں، نریندر مودی کو جرأت سے کام لے کر پنڈت جواہر لال نہرو کے وعدوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ متحدہ جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل اور تحریک المجاہدین کے امیر شیخ جمیل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے دوران پاکستان کے ساتھ بات چیت کا ڈرامہ رچا کر دنیا کو گمراہ کر رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے تاجروں نے بھارتی اور ریاستی حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف منگل کو بھی یوم سیاہ منایا۔
جھڑپ میں 2 مجاہد شہید بھارتی فوجی ہلاک :پاکستانی پرچم لہرانے پر گرفتار مسرت عالم کی رہائی کا حکم
Dec 30, 2015