مظفر آباد (آئی این پی)وادی نیلم سے ملحقہ کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی نقل و حرکت میں غیر معمولی اضافہ ، بھارتی فوج نے بین الاقوامی اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد کے ساتھ باڑ لگانی شروع کر دی ، بھارتی فوج کے گشت سے وادی نیلم کے مکینوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق منگل کی صبح بھارتی فوج نے وادی نیلم کے ملحقہ کنٹرول لائن پر مقبوضہ کشمیر کے مقامی افراد کو زبردستی کام پر لگاتے ہوئے سرحد کے ساتھ ساتھ نئی باڑ لگانی شروع کر دی جس سے وادی نیلم کے مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دو ڑ گئی۔ بھارتی فوج کی طرف سے یہ اقدام بین الاقوامی اور2003 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ مقامی افراد نے پاکستانی حکام اور دفتر خارجہ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے ۔دفاعی تجزیہ کاروں نے بھی واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے کنٹرول لائن پر صورتحال کشیدہ ہو گی۔
کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی نفل وحرکت میں غیر معمولی اضافہ باڑکی تعمیر شروع کردی
Dec 30, 2015