اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اورعقیدے کے رشتے سے منسلک ہیں۔ یہ بات صدر مملکت نے پاکستان کے نامزد سفیر برائے بحرین جاوید ملک سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان تمام شعبوں میں خاص طور پر دفاع میں بحرین سے تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ پاکستان تمام خلیجی ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور خلیجی ممالک سے تعلقات بڑھانے کے سلسلے میں مزید سفارتی کوششیں کرنی چاہئیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے میں اپنا کردار اداکریں۔ بحرین میں مقیم پاکستانیوں سے بھی رابطہ رکھا جائے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نامزد سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دریں اثنا صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان قطر سے تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کر نے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو شیخ فلاح بن جاسم بن جبور الثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ شیخ فلاح بن جاسم قطر کے سابق وزیراعظم کے بھائی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قطر کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی اعتماد مشترکہ عقیدے سے منسلک ہیں۔ پاکستان کی لبرل فارن ایکسچینج پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں سرمائے کی منتقلی پر کوئی قدغن نہیں ہے۔ توقع ہے قطر فیفا ورلڈ کپ 2022ء کیلئے پاکستان کیلئے مختص کیا گیا افرادی قوت کا کوٹہ بڑھایا جائیگا۔