کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے مختلف علاقوں میںجمعرات کی علی الصبح شدید دھند چھاگئی ایئرپورٹ سگنل سے ملیر ہالٹ، ملیر15 سے قائدآباد‘ اسٹیل ٹاﺅن‘ نیشنل ہائی وئے سمیت سپرہائی وے 2گھنٹے تک شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی شہریوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت۔محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل ائیرپورٹ سگنل سے ملیر ہالٹ تک حد نگاہ 160میٹر تک رہ گئی تھی، جبکہ ملیر ہالٹ سے قائد آباد، اسٹیل ٹاون، نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ 100میٹر اور سپرہائی وے ڈی ایچ اے سٹی کے مقام پر بھی شدید دھند کے باعث حدنگاہ صفر ہوگئی تھی۔دھند کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، تاہم 2گھنٹے بعد دھند چھٹنا شروع ہوئی اور حد نگاہ بھی 100میٹر سے بڑھ کر4.2 کلومیٹر تک پہنچ گئی۔ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 69فیصد اور شہر میں شمال مغربی ہوائیں 8کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔دوسری جانب ایئرپورٹ پر فلائٹ انکوائری کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث ملکی اورغیر ملکی 9پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ مسقط سے کراچی آنیوالی پرواز کی آمد میں ساڑھے3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔انکوائری نے بتایا کہ دوحہ سے کراچی کی پرواز کی آمد میں آدھے گھنٹے کی تاخیر ہوئی ہے۔دبئی سے کراچی کی پرواز صبح 8 بجے پہنچی۔
شدید دھند
کراچی‘ شدید دھند‘ حدنگاہ 100میٹر رہ گئی‘ ڈی ایچ اے پر صفر ریکارڈ
Dec 30, 2016