ایبٹ آباد(آن لائن) ایبٹ آباد میں صحت وانصاف پروگرام کی تقریب میں نوجوان نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اظہر جدون کی گھونسوں، تھپڑوں سے پٹائی کردی ۔ پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا ۔ جمعرات کے روز ایبٹ آباد میں صحت انصاف پروگرام کی تقریب میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اظہر جدون تقریب سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک تقریب میں موجود ایک نوجوان اپنی نشست پر کھڑا ہوا اور خیبر کے پی کے میں ہسپتالوں کی حالت زار پر ایم این اے اظہر جدون سے بحث و مباحثہ شروع کردیا اور اچانک ہی سٹیج پر چڑھ کر اظہر جدون پر گھونسوں اور تھپڑوں کی بارش کردی۔پولیس نے بروقت سٹیج پر پہنچ کر تشدد کرنے والے نوجوان کو حراست میں لے کر قریبی تھانے منتقل کردیا۔ صحت وانصاف کی تقریب میں صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی بھی موجود تھے۔ پولیس کا کہنا تھا نوجوان نے اظہر جدون کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔مشتعل نوجوان کا کہنا تھا صوبے میں ہسپتالوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اور تحریک انصاف حکومت صرف کھوکھلے نعروں سے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ اس نے کہا صوبائی حکومت کی جانب سے صحت کارڈ کی تقسیم میںبھی من پسند افراد کو نوازا جارہا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔عمران خان نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے جارہے۔ صو بائی اسمبلی کے حلقہ پی کے27کے مختلف مقا مات ٹکر ، پیرسدی اور جلالہ میںواقع تعلیمی اداروں کے افتتاح کے موقع پر ایم پی اے جمشید خان مہمند کے حا میوں اور مسلم لیگی کارکنان نے صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان کی تقریب کے دوران دھاوا بول کر تقریب الٹ دی۔ تحصیل ناظم تخت بھائی ممتاز خان مہمند بھی درجنوں حا میوں کے ہمراہ اپنے بھائی ایم پی اے جمشید خان مہمند کی حمایت کے لئے میدان میں کود پڑے۔ ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی اور گالم گلوچ سمیت صوبائی وزیر تعلیم کے پرائیو یٹ سیکرٹری بلال اور مسلم ایس ایف کے صوبائی جنرل سیکرٹری عابد یوسفزئی کے درمیان ہاتھا پائی سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے اور سینکڑوں کی تعداد میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگی کارکنان اسلحے اور ڈنڈوں سے لیس ہو کر موقع پر پہنچ گئے ۔ اے ایس پی سرکل تخت بھائی علی بن طارق اور ایس ایچ او تھا نہ تخت بھائی فضل شیر خان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر حالات کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا۔
نوجوان/تھپڑ