پنجاب بھر میں دھند کا راج، کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر، نظام زندگی مفلوج، پروازوں کا شیڈول متاثر

Dec 30, 2016

لاہور /اسلام آباد /کراچی /پشاور /گلگت بلتستان ( این این آئی+آئی این پی) پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں پھر دھند کا راج ہے جس سے اندرون و بیرون ممالک جانے والیپروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ،کراچی میں سپر ہائی وے ،نیشنل ہائی وے اور پنجاب میں موٹروے پر ٹریفک کی روانی متاثرہوئی،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرسمیت پہاڑی علاقوںمیں یخ بستہ ہواﺅں نے موسم مزید سرد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق دھند کی وجہ سے کراچی میں سپر ہائی وے ،نیشنل ہائی وے اور پنجاب میں موٹروے پر ٹریفک کی روانی دھند سے متاثرہوئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق کراچی اور لاہور دونوں شہروں میں رات دو بجے سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی جس کے باعث بعض قومی اور بین الاقوامی پروازوں کو مجبوراً دیگر نزدیک ترین ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔ دھند کے باعث چار پروازوں کو مسقط اتارا گیا جن میں جدہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 732، دبئی سے کراچی آنے والے پرواز پی کے 214، اسلام آباد سے ابوظہبی جانے والی پرواز پی کے 261اور لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788شامل ہیں۔ دمام سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 248کو بھی رات گئے ملتان ایئر پورٹ پر اتارلیا گیا۔ دھند سے 3پروازیں منسوخ اور 7تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ بے نظیر ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے سے اندرون و بیرون ممالک جانے والی 11 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔دوسری جانب سندھ، پنجاب کے کئی شہروں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ نیشنل ہائی وے پر لاہور سے پتوکی اور گوجرانوالہ تک حدنگاہ صفر ہو گئی۔ موٹر وے پر بھی کئی مقامات پر شدید دھند رہی۔ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کے اندر بھی دھند کے باعث ٹریفک معمول سے کم رہی۔ کراچی میں دھند کے باعث استنبول،دمام اورجدہ سے آنےوالی پروازوں کی آمد میں تاخیر جبکہ سکھر، رحیم یارخان، بمبئی، بہاولپور اور فیصل آباد جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع رات بھر شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، گوجرہ، میاں چنوں اور ملتان سمیت کئی علاقوں میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہی جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ حد نگاہ صفر ہو جانے پر موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے پنڈی بھٹیاں، ایم تھری فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فور گوجرہ تک ٹریفک کیلئے بند کیا گیا۔ ڈی جی محکمہ موسمیات غلام رسول نے کہا ہے کہ حالیہ خشک سالی کا سلسلہ چند مہینوں تک برقرار رہے گا ‘ جنوری میں بھی اچھی بارشوں کی توقع نہیں ہے‘ خشک سالی کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلی النینو ہے۔ انہوں نے کہا کہ النینو والے سالوں کے بعد پاکستان بہت متاثر ہوتا ہے۔ خشک سالی کا سلسلہ چند ماہ برقرار رہے گا۔ جنوری میں بھی اچھی بارشوں کی توقع نہیں ہے۔

مزیدخبریں