بانی پاکستان قائداعظم کا141 واں یومِ ولادت

Dec 30, 2016

عبدالشکور ابی حسن

عبدالشکورابی حسن بیوروچیف کویت سٹی

انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے زیرِ انصرام جلیب الشیویخ میں ”ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح“ کے عنوان سے بانیءپاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 140 واں یومِ ولادت انتہائی جوش وخروش سے منایاگیا۔ جس میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی،خواتین وحضرات کے علاوہ مختلف اسکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔سفارت خانہ پاکستان کویت سے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سفارت خانہ پاکستان سے دیگر افسران میں اسسٹنٹ ویلفیئر پیر بادشاہ ، اور پرائیویٹ سیکریٹری طارق مسعود نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نوجوان شاعر اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے جنرل سیکریٹری سید صداقت علی ترمذی نے سر انجام دیئے۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن ِ پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حسن شہزاد بٹ نے حاصل کی۔ کویت کے نامور نعت خواں جناب شاہد منیر نے بارگاہِ رسالت میں نذرانہءنعت پیش کی۔ اس کے بعد کویت اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کئے گئے۔ پروگرام کے تعارف میںجنرل سیکریٹری انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت سید صداقت علی ترمذی نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب روشنی پر تیرگی غالب آر ہی تھی، موسمِ بہار میں بھی خزاں کا سماں تھا، گلشن میں پھول تو تھے لیکن چمن کی رنگینیوں سے محروم، ہندو اپنی عیاری اور انگریز اپنی مکاری کی وجہ سے فہم وفراست سے لبریز ذہنوں پر قابض بنے بیٹھے تھے۔ جہاں مسلمانوں کو تعلیمی، معاشرتی، اخلاقی طور پر خطرہ لا حق تھا وہیں انہیں اپنا اسلامی تشخص برقرار رکھنا بھی مشکل نظر آ رہا تھا ۔ ایسے میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیب حضرت محمد کے نام لیواﺅں کے لئے 25 دسمبر 1876ءکو قائدِ اعظم کے روپ میں ایک عظیم لیڈر عطا کیا۔ جس نے اپنی فہم وفراست، عزم واستقامت، صدق وصداقت، اولوالعزمی، مستقل مزاجی،مدلل بیانی اور جدوجہد سے اپنی قوم کو درست سمت میں لانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ جو علامہ اقبال کے مردِ مومن اور شاہین کی تعبیر تھے۔پروگرام میں قائدِ اعظم کی زندگی پر مبنی ایک ڈاکمینٹری فلم بھی دکھائی گئی۔
نائب صدر انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت شہزاد الرحمن بٹ نے اپنے خطبہءاستقبالیہ میں پروگرام کے شرکائ، مختلف تنظیموں کے صدور ، تمام میڈیا گروپس، اورسفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت سے تشریف لانے والے افسران کو مشترکہ طور پرخوش آمدید کہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت دیارِ غیر میں رہتے ہوئے اپنے تمام عظیم لیڈروںکو خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور قومی تہوار کو اسی شان وشوکت سے منانے کا عزم کرتی ہے۔ انہوں نے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے تنظیمی اسٹریکچر پر بھی اظہارِ خیال کیا اور ہر کسی کو انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت میں شمولیت کی دعوت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر کاوشیں اور جدوجہد قائد کے پاکستان کو ایک روشن اور مضبوط پاکستان بنانا ہے۔ جہاں عدل وانصاف کا بول بالا ہو، انسانیت کی قدر ہو اور تمام پاکستانی خودداری اور فخر سے دنیا میں سر اٹھا کے جئیں۔انصاف یوتھ ونگ کے آرگنائزر فخر زمان خان نے نوجوانوں کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انصاف ایجوکیشن اینڈ کیرئیر کونسلنگ کے چیف آرگنائزر قیصر ندیم نے کویت میں مقیم پاکستانیوں کو تعلیمی میدان میں درپیش مسائل کے حل کے لئے انصاف ایجوکیشن اینڈ کیرئیر کونسلنگ کمیٹی کی خدمات سے مستفیض ہونے کی دعوت دی اور مستقبل کے پروگرام کے بارے میں بھی اظہارِ خیال کیا۔انصاف وومن ونگ کویت کی طرف سے خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ صائمہ رانی نے خواتین کے تحریکِ پاکستان میں کردار پر اظہارِ خیال کیا۔پروگرام میں پاکستان اسکولوں کے بچوں نے قائدِ اعظم کی زندگی اور مختلف قومی وملی نغموں پر ٹیبلوز پیش کئے جنہیں سامعین نے خوب سراہا۔ کویت میں مقیم نامور گلوکاروں نے اپنی خوبصورت آوازوں میں قومی و ملی نغمے پیش کئے۔ اس دوران شرکاءکا جوش وخروش قابلِ دیدتھا۔ شرکاءمحفل بار بار پاکستانی پرچم اٹھائے اسٹیج پر آ جاتے اور گلوکاروں کے ساتھ پاکستانی پرچم لہراتے ۔گلوکاروں میں زاگر انور حسین ، ناصر عباس، محمد ابراھیم، اور نبیل احمد کے نام شامل ہیں۔ انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے ایگزیکٹو ممبران جن میں ڈاکٹر وسیم یوسف ملک، شمشاد خان تنولی، پیر امجد حسین، ڈاکٹر ظفر اللہ شیخ ، محمد عارف، نائب صدر محمد شہزاد الرحمن بٹ نے میڈیا نمائندگان میں اعزازی سرٹیفیکٹس اور گفٹس تقیسم کئے ۔پروگرام کے مہمانِ خصوصی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارت خانہ پاکستان ڈاکٹر عمر جاوید نے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے تمام عہدیداران، منتظمین، اور کارکنان کو ایک خوبصورت اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد جاری و ساری رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے عظیم لیڈر قائدِ اعظم جسے مردِ آہن بھی کہا جاتا ہے ان کے اقوال کو عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی اپنے عظیم لیڈران کو نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے بچوں کے ٹیبلوز کے ساتھ ساتھ گلوکاروں کے ملی نغموں کی بھی تعریف کی اور اسے خوب سراہا۔ انصاف سوشل ویلفیئر ونگ کویت کے آرگنائزر محمد ریاض انجم نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب کو حق کا ساتھ دینے، لوٹ کھسوٹ کے خلاف، رشوت کے رائج نظام کو مسمار کرنے کے لئے اٹھ کھڑا ہونا چاہئے جس کے لئے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر موجود ہے۔ ہم حق آواز بلند کرنے کے لئے کوشاں ہیں آئیے آپ بھی ہماری آوازوں سے اپنی آوازیں ملائیں اور روشن پاکستان بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔پروگرام میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کے آخر میں نامور دینی وسماجی شخصیت حکیم طارق محمود صدیقی نے ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی اور وایاوایا پشتو گیت پی ٹی آئی برانڈ پر تمام پی ٹی آئی کارکنوں وعہدیدار ڈانس کرنے لگے اور پروگرام اپنے اختتام پر پہنچا۔

مزیدخبریں