نیو یارک: عمارت میں آتشزدگی‘ بچوں سمیت 12 افراد ہلاک‘ متعدد زخمی‘ غیرمعمولی سانحہ ہے: میئر

نیویارک(آن لائن+اے ایف پی) نیویارک کے علا قے برانکس میں ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق رات گئے نیویارک کے علاقے برانکس میں واقع رہائشی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت 12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوع پر روانہ ہوگئیں اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے نعشوں اور زخمیوں کو متاثرہ عمارت سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ نیویارک حکام کا کہنا تھا آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔نیویارک کے میئر بل دی بلیزیو نے گزشتہ روز لگنے والی آگ کے بارے میں ٹوئٹ کیا ’کم سے کم ایک چوتھائی صدی میں اس شہر میں لگنے والی یہ بدترین آگ ہے، یہ ایک غیر معمولی سانحہ ہے‘۔ اس آگ میں 12 لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔نیویارک کے میئر نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں جب کہ انہوں نے نیویارک میں رہنے والے افراد سے مرنے والے افراد کیلیے دعا کرنے کی بھی درخواست کی۔ ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ عمارت میں بچے بھی تھے جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن