کہروڑپکا ( خبر نگار ) کہروڑپکا شہر اور گرد نواح میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام پر مشہور برانڈ کے پانچ روپے والے شیمپو ساشے سرعام مارکیٹ میں فروخت کئے جارہے ہیں کمپنی کی طرف سے ڈسٹری بیوٹرز کو دیئے جانے والے کارٹن میں9 ملی لیٹر کے 32 درجن ساشے موجود ہوتے ہیں جن کی قیمت1715 روپے ہے اور ایک درجن تقریبا54 روپے کا بنتا ہے جبکہ60 روپے میں فروخت ہوتا ہے جبکہ جعلی پیکنگ میں دو نمبرساشے کا کارٹن عام طور پر 60 درجن ساشوں پر مشتمل ہوتا ہے اور اس کی قیمت مبینہ طور پر1100 روپے ہوتی ہے جو کہ تقریبا 18 روپے فی درجن خرید کر 60 روپے فی درجن کے حساب سے فروخت کیا جاتا ہے اسی طرح 10 روپے والے صرف کے مختلف مشہور برانڈزبھی مقامی طور پر جعلی پیکنگ بناکر یا ملتان منڈی سے خرید کر شہر اور گردنواح میں سرعام فروخت کیا جارہا ہے 15 درجن پیکٹس پر مشتمل بورا1700 روپے کا ہے جبکہ دو نمبرصرف کا بورا1200 روپے کا ملتا ہے اور فی بورا تقریباآٹھ سے نو ہزار روپے کے فرق سے منافع کمایاجاتا ہے ان کی باقاعدہ کیٹا گری بنائی گئی ہیں جن میں ناقص ترین سے ناقص تک تمام شامل ہیں ذرائع کے مطابق کہروڑپکا میں غوثیہ چوک کارہائشی یہ دو نمبر شیمپو اور صرف سپلائی کرتا ہے جبکہ چوک بخاری، سرکلر روڈ، چاندنی چوک، قائد اعظم روڈ، بندو موڑ، مین بازار، شاہ پور روڈ، ملتانی والہ، ریلوے چوک،پرانا میلسی روڈ پرانا بہاولپورروڈ اور میلسی چوک سمیت گردو نواح میں مشہور برانڈز کی پیکنگ میں غیر معیاری شیمپواور صرف سے دکانیں بھری پڑی ہیں زائد منافع کے لالچ میں لوگوں کو جسمانی اور مالی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔نام نہ بتانے کی یقین دہانی پر مشہور برانڈز کے شیمپواور صرف کے ڈسٹری بیوٹرزنے بتایا کہ اس کی وجہ سے ہمارا بہت زیادہ نقصان ہورہا ہے سیل میں واضح کمی آچکی ہے کمپنی کو بھی مطلع کیا گیا ہے۔شہریوں محمد اسلام کامران علی محمد اسلم عبدالقادر عتیق احمد سلیم وقار، عامر، جمیل، رانا مالک، حیدر علی، دلدار، جنید، کاشف،شوکت ،ابوذر حیات، گلزار احمد و فیضان قریشی، ارمغان علی و دیگر نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اتھارٹیز اور افسران کو اس حوالے سے فعال کیا جائے اور جعلی اور غیر معیاری شیمپو اور صرف کی فروخت کو روکا جائے اور مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
غیر معیاری شیمپو