تاندلیانوالہ، پاکپتن ، گگو منڈی ، بوریوالہ (نامہ نگاران) دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں خواتین بچوں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔ دھند کے باعث ٹرک اور مزدا میں خوفناک تصادم کے نتیجہ میں تین خواتین اور ایک بچہ سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔ مزدا میں سوار افراد فیصل آباد سے تاندلیانوالہ فوتیدگی میں شامل ہونے کیلئے آرہے تھے کہ تیز رفتار ٹرک کے ٹکرانے سے حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاندلیانوالہ منتقل کردیا گیا جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پاکپتن میں دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی اور کوسٹر میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں گائوں ملک پور پاکپتن کی 50 سالہ پروین بی بی، 28 سالہ عابدہ بی بی جبکہ گائوں چک شفیع کا 52 سالہ شریف، محمد تنویر، 55 سالہ بوٹا، 15 سالہ عشرت بی بی، 20 سالہ بشریٰ بی بی اور 10 سالہ رامیلہ بی بی شدید زخمی ہوگئی۔ گگو منڈی میں اڈا طفیل آباد کے نزدیک دھند کے باعث شہ زور ڈالہ سڑک پر کھڑے خراب ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور علیم خان موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ کنڈیکٹر وحید زخمی ہوا۔