گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، نارنگ منڈی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ گوجرانوالہ اور گردونواح میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی وجہ سے کمپریسر کے غیرقانونی استعمال میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ گیس کی مبینہ چشم پوشی سے گھروں، تندوروں، ہوٹلوں اور فیکٹریوں میں کمپریسر کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دوسری طرف غریب گھریلو صارفین اسکی وجہ سے پریشان ہیں۔وزیرآبادشہرکے مختلف علاقوں گلی ارائیاں،سکندرپورہ، دھونکل روڈ، لکڑمنڈی، محلہ کٹڑا مائی، جالیاں والی گلی، بکرگلہ، گلی عزت خاں،شیرومحلہ، گلی گوروکوٹھا،محلہ صلے شاہ ودیگرعلاقوںمیں گیس کے پریشرمیں کمی اورعدم دستیابی کے باعث سکول وکالج اوردفاترجانے والوںکوشدیدپریشانی کاسامناہے۔ کمپریسرمافیا اوربااثرافراد عام طبقہ زندگی کے لوگوں کے حقوق پرڈاکہ ماررہے ہیں۔ قصور اور گردونواح میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث کھانا بنانے کے اوقات میں صبح ،دوپہر ،شام گیس بند رہتی ہے جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،صافین کو گیس کے بل دوگنے بھیج دئیے گئے ، قصور کے شہریوں اورسیاسی وسماجی حلقوں کا اعلیٰ احکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔نارنگ منڈی وگردونواح میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بدترین صورتحال اختیارکرگئی پوراشہرسوئی گیس کیخلاف سراپااحتجاج بن گیا حکومت سے سخت نوٹس لینے اورسوئی گیس کی فراہمی یقینی بنانے کامطالبہ کیاہے۔
گوجرانوالہ، وزیرآباد‘قصور‘نارنگ منڈی: گیس لوڈشیڈنگ جاری‘ شہریوں کا احتجاج
Dec 30, 2017