اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین اسد عمر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پاکستان سٹیل ملز کی بے ضابطگیوں کے خلاف نیب حکام کو خط لکھنے میں شدید تاخیر پر افسوس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیل ملز کی بربادی میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھی برابر کا شریک ہے، جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین کمیٹی اسد عمر نے کہاکہ کمیٹی نے جولائی 2017میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو کراچی سٹیل ملز کی بندش کی تحقیقات کیلئے نیب حکام کو خط لکھنے کی ہدایت کی تھی سیکرٹریٹ کی جانب سے اگاہ کیا گیا کہ کمیٹی نیب حکام کو خط نہیں لکھ سکتی ہے اور صرف وزارت صنعت و پیداوار کو خط لکھنے کی سفارش کر سکتی ہے جس پر کمیٹی کی جانب سے وزارت کو خط لکھا گیا مگر وزارت کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات نہ ہونے پر سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ بات کی جس پر سپیکر نے آگاہ کیا کہ کمیٹی نیب حکام کو خط لکھ سکتی ہے انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی سیکرٹریت کی وجہ سے کمیٹی کے 6 ماہ ضائع ہوئے ہیں۔ قیصر احمد شیخ نے کہاکہ سٹیل ملز گذشتہ تیس مہینوں سے بند پڑی ہے رانا قاسم نون نے کہاکہ بندش ہماری حکومت کی ناکامی ہے کمیٹی کے چیئرمین اسد عمر نے کہاکہ قومی ادارے چوروں کو پکڑنے میں ہماری مدد کریں ان پر پردہ نہ ڈالیں۔ سٹیل ملز تحقیقات کے بارے میں اگلے ہفتے تک پیش رفت سے آگاہ کریں۔ چیئرمین کمیٹی نے سیکرٹری صنعت سے استفسار کیا کہ سٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کو تنخواہیں نہیں مل رہی ہیں اور پنشن پر جانے والے ملازمین بھی پنشنوں سے محروم ہیں اس سلسلے میں کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان ملازمین کو ادائیگیاں کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔