تاجر’’ سی پیک‘‘ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں:ثاقب مگوں

کراچی (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی ) کے سابق نائب صدر اور انڈینٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان( آئی اے او پی ) کے چیئرمین ثاقب فیاض مگوںنے چائنا جنوبی ایشیا بزنس کونسل کو خطے میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں معاون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فورم سیاسی معاملات میں باہمی اعتماد کو مستحکم بنانے کے تناظر میں چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان علاقائی اقتصادی تعاون کے لئے ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے جو دوطرفہ تعاون کے فروغ اور خطے کے ممالک میں باہمی فوائد کے لئے صنعتی اور تجارتی حلقوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مالدیپ میں ہونے والے چائناجنوبی ایشیا بزنس کونسل کے اجلاس سے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا گیا اور باہمی تعاون ،دستیاب وسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کی سربراہی چائنا کونسل فار انٹرنیشنل ٹریڈ( سی سی پی آئی ٹی ) کے چیئرمین لوگونگ شی نے کی۔اس موقع پرمالدیپ کے وزیرتجارت آدم موگیس جبکہ بھارت،سری لنکا،سارک ممالک تنظیم کے نمائندوں کے علاوہ مختلف ممالک سے تجارتی نمائندوں نے شرکت کی ۔رہنماؤں نے کہاکہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے جنوبی ایشیا کے تاجروں کے لیے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ سی پیک جیسے بڑے منصوبوں کی وجہ سے پاکستان اقتصادی اور تجارتی مرکز بننے جا رہا ہے۔چین، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا جو چین کو پاکستان کے معاشی استحکام کے لحاظ سے حقیقی شریک کار بنائے گا۔ثاقب فیاض مگوں نے فورم کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ سی پیک میں سرمایہ کاری اور مشترکہ شراکت کرکے دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے حکومت پاکستان نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں جس میں خصوصی اکنامک زونز اور ٹیکس ہالیڈے کی سہولت قابل ذکر ہے ۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چائنا کونسل فار انٹرنیشنل ٹریڈ( سی سی پی آئی ٹی ) کے چیئرمین لوگونگ شی نے کہاکہ چین پاکستان سمیت پورے خطے جنوبی ایشیائی ممالک کی ترقی کا خواہش مند ہے جس کا آغاز چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے ( سی پیک)کی صورت میں کردیا گیا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن