سعودی عرب ، پاکستان روابط اقتصادی راہداری کی اہمیت بڑھا دینگے،نواف سعید المالکی

Dec 30, 2017

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ایڈمرل (ر) نواف سعید احمد المالکی نے کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے سعودی عرب اور پاکستان کی ترقی کے اہداف کو باہم منسلک کردیا ہے۔ سعودی عرب کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان اور اس کے عوام شانہ بشانہ ہوں گے اور پاکستانی عوام کے لئے روزگار کے نئے دروازے کھلیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاشی و اقتصادی روابط کے نئے دور کا آغاز چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی افادیت بڑھادے گا اور پاکستان کا دفاع مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ وہ سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سے گفتگوکررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو سعودی سفارت خانے میں ان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان طویل دورانیہ کی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان سعودی عرب تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ نواف سعید احمد المالکی نے کہاکہ پا کستان اور سعودی عرب دوبھائی ہیں جن میں باہمی اعتماد، محبت اور اخوت کا رشتہ اٹل حقیقت ہے۔سابق وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کے وژن2030ءکے تحت پاکستان کے معاشی استحکام،دفاعی قوت میں اضافے اور عوامی خوش حالی کے لئے تاریخی اقدام پر عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب نے حکومتوں سے قطع نظر پاکستان کی ہر مرحلے پر کھل کر سرپرستی کی ہے۔

مزیدخبریں