مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے: سائرس قاضی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس قاضی نے کہا ہے کہ استنبول میں منعقد ہونے والی او آئی سی کانفرنس نے القدس شریف کے بارے میں دنیا کو متفقہ اور ٹھوس پیغام دیا۔ ترکی کی ایک یونیورسٹی میں لیکچر دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او آئی سی اور اسلامی دنیا نے مغرب اور دنیا کے دوسرے ملکوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ بیت المقدس کی حقیقت کے بارے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسلامی ممالک اور دنیا کے دوسرے ملکوں نے جنرل اسمبلی کے ذریعہ یہ پیغام دیا ہے کہ دنیا کے ملکوں کی اکثریت فلسطین کے ساتھ ہے۔ اپنی تقریر میں ترکی میں پاکستان کے سفیر نے جموں و کشمیر کے مسئلہ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ گزشتہ 70 برس سے کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضہ میں ہیں‘ بھارت کشمیریوں کو ان کا حق خود اختیاری نہیں دے رہا حالانکہ بھارت نے کشمیریوں سے یہ وعدہ کیا ہوا ہے کہ انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ پاکستانی سفیر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی 7 لاکھ سے زیادہ فوج کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے روکے۔ پاکستانی سفیر نے القدس کے معاملے پر ترکی کی مقامی سفارت کاری کو خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن