اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی پولیس نے انٹی رائٹ فورس کی تربیت شروع کردی جس میں شامل بنیادی ڈھانچے کا آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے جمعہ کے روز پولیس لائن میں تفصیلی جائزہ لیا اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز و قائم مقام ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز ساجد کیانی بھی ان کے ہمراہ تھے ترکی کے ٹرینرزکی تیار کردہ ڈنڈا بردارانٹی رائٹ فورس کے مخصوص یونیفارم اور کٹ میں ملبوس اہلکاروں کو پلاسٹک شیلڈ ، ڈنڈے سے لیس کیا گیا ہے جبکہ فورس کے ساتھ دو بکتر بند گاڑیاں ، واٹر کینن ، اور آنسو گیس پھینکنے والے گن بردار بھی شامل ہیں انٹی رائٹ فورس کی مشق کا بھی آئی جی نے جائزہ لیا اور ایس ایس پی ساجد کیانی کو اس میں نئے پہلو شامل کرنے کیلئے بھی ہدایات دیں انٹی رائٹ فورس میں خواتین مظاہرین کو قابو کرنے کیلئے ویمن پولیس کا دستہ بھی شامل کیا گیا ہے مظاہرین کو گھرا ڈال کر گرفتار کرنے کے آزمائشی مناظر بھی آئی جی نے دیکھے جبکہ فرضی مظاہرین یہ نعرہ بلند کرکے انٹی رائٹ فورس پر ٹوٹ پڑے کہ ساڈا حق ایتھے رکھ ، اس مشق میں وی آئی پی افراد کو مظاہرین کے نرغے سے نکالنے کا منظر بھی شامل کیا گیا تھا ۔