اسلام آباد (این این آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مانسہرہ ، مظفرآباد ، میرپور ایکسپریس وے کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے نہ صرف آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے مابین مواصلاتی روابطہ بڑھیں گے بلکہ یہ شاہراہ آزاد کشمیر کے کئی علاقوں خاص طور پر جنوبی اضلاع کو کم ترین فاصلے کے ذریعے دالحکومت مظفرآباد سے جوڑ دے گی ۔ مانسہرہ ، مظفرآباد ۔ میرپور شاہراہ جہاں آزاد کشمیر کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی وہاں یہ ریاست کے دفاع اور سلامتی کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو گی اور آزاد کشمیر کے بیشتر اضلاع کو جوڑتے ہوئے شمال اور جنوب کی طرف سے آزاد کشمیر کو سی پیک کے مغربی کوریڈور سے ملا دے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانسہرہ ، مظفرآباد ، میرپور شاہراہ کی ماحولیاتی اسٹڈی مکمل کرنے والی فرم زیرک انٹرنیشنل کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ بریفنگ زیرک انٹرنیشنل کے چیف انجینئر ڈ یزا ئن محمد انوار ، چیف ماحولیاتی آفیسر عنبرین طارق اور اسسٹنٹ ماحولیاتی آفیسر عبدالشکور نے دی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس شاہراہ کی تعمیر سے جہاں مظفرآباد ، ہٹیاں اور نیلم کے اضلاع کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے وہاں جنوبی اضلاع میرپور ، بھمبر ، کوٹلی اور سدھنوتی کے اضلاع کے عوام کو جدید مواصلاتی سہولتیں اور معاشی فوائد حاصل ہوں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اُن کی کوشش ہے کہ اس مجوزہ منصوبے کے لیے وفاقی حکومت سے جلد از جلد فنڈز حاصل کر کے تعمیراتی کام شروع کیا جائے ۔ قبل ازیں منصوبے کے ماحولیاتی اور تکنیکی پہلوئووں کے بارے میں بتاتے ہوئے زیر انٹرنیشنل کے آفیسرز نے کہا کہ منصوبے کے تحت مانسہرہ سے مظفرآباد اور مظفرآباد سے میرپور اور منگلا تک چار رویہ شاہراہ کی تعمیر کی جائے گی جو آزاد کشمیر کی سماجی اور اقتصادی ترقی کو ایک نئی جہت دے گی۔
مانسہرہ، مظفر آباد، میرپور ایکسپریس وے منصوبہ اہمیت کا حامل ہے، سردار مسعود
Dec 30, 2018