لاہور ( )امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ ملک و قوم کی تقدیر نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت پر منحصر ہے ، دنیا میں تعمیرو ترقی کے انقلاب کی سینکڑوں داستانیں شاہد ہیں کہ معاشروں کی تعمیرو ترقی میں قلیدی کردار نوجوان نسل ہی ادا کرتی آرہی ہے ۔ جماعت اسلامی یوتھ نوجوانوں کو منظم کرنے کے ساتھ ان کیلئے صحتمند سرگرمیوں کی فراہمی ، مسائل کے حل اور ان کو روزگار کمانے کے قابل بنا نے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران کی حلف برداری تقریب میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل ، صدر جے آئی یوتھ وسطی پنجاب شاہد نوید ملک ، نومنتخب صدر صہیب شریف ،جے آئی یوتھ لاہور کے نومنتخب ذمہ داران قدیر شکیل ، ملک عدنان ، حسن جٹ ، رضوان یوسف ، احمد فوزان ، احمد طور ، حافظ انعام ، حسنان اکبر ، ذیشان اکمل سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ گزشتہ کئی دھائیوں سے نوجوان نسل کو سیاسی نعروں میںملک وقوم کا مستقبل قرار دیا جا تا رہا ہے مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے نوجوانوں کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اُٹھائے گئے جبکہ پاکستان میں یوتھ ووٹرز کی تعداد 65 فیصد سے زیادہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری نوجوانوں نسل ڈگریاں ہونے کے باوجودبے روزگاری اورمہنگائی کی وجہ سے بے شمار مسائل سے دوچار ہے جبکہ معتدد نوجوان مایوس ہو کر جرائم کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ جے آئی یوتھ نوجوانوں کی آواز ایوانوں او رقوم تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل نے تقریب میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی مثبت صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے اور ان کی عملی حوصلہ افزائی کیلئے جے آئی یوتھ کا پلیٹ فارم قابل ستائش اور اپنی مثال آپ ہے ۔ شاہد نوید ملک نے کہا کہ جے آئی یوتھ کی پوری ٹیم خدمت خلق کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔نومنتخب صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف نے کہا کہ جے آئی یوتھ لاہور کی ٹیم شہر کے نوجوانوں کو بے مقصدیت اور مایوسی سے نکال کر ان کیلئے صحت مندسرگرمیاں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے بہترین اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔