وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے

Dec 30, 2018 | 11:13

ویب ڈیسک

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روزہ دورے پر قطر پہنچ گئے  ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطری ایئرپورٹ پہنچے تو چیف آف پروٹوکول وزارت خارجہ قطر نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستانی سفیر ابراہیم یوسف فخر اور  سفارتخانے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی قطر کے وزیراعظم، نائب وزیراعظم دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے، اس موقع پر پاکستان قطر تعاون بڑھانے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔پاکستان اور قطری حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں خطے کی مجموعی صورتحال اور افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو بھی کی جائے گی۔ قطر روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا  کہ قطر خلیجی ممالک میں ایک اہم ملک ہے جس کے پاکستان کے ساتھ بہت گہرے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ قطری ہم منصب نے دورے کی دعوت دی تھی، دورہ قطر حالیہ چار ملکی دورے کے سلسلے کی کڑی ہے، قطر امن اور مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرتا رہا ہے، امن اور مفاہمتی عمل میں قطر کی رائے لینا اور مشاورت ضروری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے خطے کے ملکوں سے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے اور آج ہونے والی قطری حکام سے ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور افغانستان کے معاملات پر بات ہوگی۔انہوں  نے کہا  کہ پچھلی ملاقاتوں میں جو معاملات طے ہوئے انہیں آگے بڑھایا جائے گا، پاکستان میں قطر کی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔

مزیدخبریں