اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان بحریہ کے آپریشنل کمانڈز سیمینار 2019 اور تیسرے پاکستان نیوی صنعتی سیمینار کا انعقادکراچی میں ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بطور مہمان خصوصی ان سیمینارز میں شرکت کی۔ آپریشنل کمانڈز سیمینار 2019 کے دوران ، سیمینار میں حصہ لینے والے پینلز نے سائبر اور خلائی جنگ کے حوالے سے علاقائی سلامتی کی صورتحال کے تازہ ترین واقعات کا مکمل تجزیہ کیا۔ مہمان خصوصی نے شرکاء کی جانب سے پیش کردہ مقالوں اور سفارشات کو سراہا۔ نیول چیف نے جدید جنگوں کے تمام پہلوؤں بالخصوص سائبر اور خلائی جنگ کو سمجھتے ہوئے آگے بڑھنے پر زور دیا۔ صنعتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے نئے قائم کردہ نیوی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (این آر ڈی آئی) کی کارکردگی پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا اور این آر ڈی آئی کی جانب سے مختلف منصوبوں میں پیشرفت کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمگیریت اور تکنیکی جدت کے دور میں ہمیں باہمی اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے جو ہماری قومی معیشت اور دفاعی طاقت کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی بحری جہاز کہ مقامی طور پر تعمیر خود انحصاری کے خواب کی حتمی حقیقت ہے۔ مختلف تنظیموں کے مقررین نے بھی سیمینار میں خود مختاری اور خود انحصاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔