آئی ایم ایف نے اعتراف کیا، پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کے نتائج آنا شروع ہو گئے: وزارت خزانہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، آن لائن) آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اعلامیہ وزارت خزانہ کے مطابق فیصلہ کن پالیسیوں پر عملدرآمد سے پاکستان میں مالی استحکام آنا شروع ہوگیا ہے۔ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا مارکیٹ کا استحکام واپس آرہا ہے۔ ادارہ جاتی اصلاحات اقتصادی ترقی کی چابی ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سٹیٹ بینک سے بجٹ سپورٹ کیلئے کوئی قرض نہیں لیا گیا۔ آئی ایم ایف سے مجموعی طور پر ایک ارب 45کروڑ ڈالر وصول کرچکے ہیں۔ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ کاروبار کرنے کا ماحول بہتر ہوا ہے۔ مہنگائی کی شرح کو بہتر کارکردگی سے 5 فیصد تک لایا جائے گا۔ اگلے سال کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ جی ڈی پی کا 2.8 فیصد رہے گا۔ برآمدات میں 2 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 23 فیصد کمی ہوئی۔ رواں مالی سال درآمدات میں کمی کے باوجود مشینری کی درآمد میں 2 فیضد اضافہ ہوا۔ اس سے قبل وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے اقتصادی اعدادوشمار حوصلہ افزا ہیں ملکی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے ساتھ ساتھ ریونیو گروتھ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور توقع ہے کہ رواں ہفتے میں ریونیو گروتھ مزید بڑھے گی، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلیے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔آئی ایم ایف حکام کو بتایا گیا ہے کہ آئندہ ماہ سے اگلے مالی سال کیلئے بجٹ کی تیاری کا عمل شروع کردیا جائے گا اور اگلے بجٹ میں بھی غیر ضروری ٹیکس چھوٹ و رعایات ختم کی جائیں گی اور ٹیکس نیٹ بڑھایا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن