کرکوک فوجی اڈے پر حملے کا بدلہ ایران سے لیا جائے: امریکی سینیٹر

واشنگٹن (این این آئی، اے پی پی) امریکہ کی حکمران جماعت ری پبلکن پارٹی کے لیڈر سینیٹر ٹام کاٹن نے عراق کے شہر کرکوک میں ایک امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتے ہوئے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق امریکی سینیٹر ٹام کاٹن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کرکوک میں امریکی اڈے پر حملے کا فیصلہ کن ردعمل ظاہر کرے اور ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی جائے۔ ان کا کہناتھا کہ کرکوک میں ہونے والے حملے میں امریکی ٹھیکیدار کی ہلاکت اور ایک امریکی فوجی کے زخمی ہونے کا ذمہ دار ایران ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ اگر ایران کے حمایت یافتہ گروپ کے ذریعہ امریکیوں کا لہو بہایا گیا ہے تو ایران کو فوری اور سنگین نتائج کا سامنا کرنا چاہیے۔ عراق میں 3 ماہ سے جاری ہنگاموں، مظاہروں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 490 ہوگئی۔ ہزاروں مظاہرین ناصریہ آئل فیلڈ میں گھس گئے، ملازمین کو کنٹرول سٹیشن سے بجلی منقطع کرنے پر مجبور کردیا فیلڈ بند کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق احتجاج کرنے والوں نے نو آئل، نو ہوم لینڈ کے نعرے لگائے۔

ای پیپر دی نیشن