لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ نریندر مودی کی نگرانی میں آر ایس ایس بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ دنیا نے نوٹس نہ لیا تو اس سے بڑا کوئی اور ظلم اور جرم نہیں ہوگا۔ یورپی یونین کے نائب صدر کا یورپی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے کا اعلان کشمیریوں کے موقف کی جیت ہے۔ وہ یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فیبیو مسیمیو کاستالدو کی 2روز دورہ لاہور کے بعد واپس روانگی کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پریورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فیبیو مسیمیو کاستالدو، پاک یورپ فر ینڈ شپ فاؤنڈیشن کے چیئر مین پرویز اقبال، یورپی پارلیمنٹ کے رکن واجد خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مجھے یقین ہے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے معاملے میں بھی پاکستان کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرفیو کو147دن ہوچکے ہیں یہ انسانی حقوق کا قتل عام ہے جس کے لیے پاکستان ہر فورم پر آواز بلند کررہا ہے مگر دنیا کو بھی ان مظالم کا کل نہیں آج ہی نوٹس لینا چاہیے۔ یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فیبیو مسیمیو کاستالدونے کہا کہ پاکستان میں آکر مجھے بہت سے حقائق کا پتہ چلا ہے اور کوئی شک نہیں کہ دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستانی افواج، قوم اور انکے دیگر سیکورٹی اداروں نے دی ہیں جن کی پوری دنیا کو قدر کر نی چاہیے۔مسئلہ کشمیر اور بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نئے قانون سے صرف خطے میں ہی نہیں دنیا میں بھی امن کو خطرات لاحق ہو رہے ہیں اور میں یورپی پار لیمنٹ میں ان دونوں ایشوز پر بھر پورمقدمہ لڑوں گا اور دنیا کو بتاؤں گا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کر نا امن کیلئے ضروری ہے اور بھارت میں بسنے والی اقلیتوں کا تحفظ بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کا روشن مستقبل چاہتے ہیں ،ان کو یقین دلاتا ہوں کہ جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے حوالے سے بھی میں پاکستان کیساتھ ہوں اور مجھے توقع ہے کہ پاکستان کیلئے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع ہو جائیگی۔