اسلام آباد/ سٹاف رپورٹر/عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت اسلام آباد کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرؤف، راولپنڈی کے امیر مولانا قاضی مشتاق الرحمن، مبلغ ختم نبوت اسلام آباد مولانا محمدطیب فاروقی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، قاری عبدالوحید قاسمی، مولانا قاضی ہارون الرشید،خالد مبین نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مذاہب و مسالک امریکی محکمہ خارجہ کی آزادی مذہب پررپورٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بے بنیاد اطلاعات پر پاکستان کیخلاف رپورٹ جاری کی ہے جسکا حقائق سے دورکا بھی تعلق نہیں۔ پاکستان میں تمام اقلیتوں مکمل حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے۔قادیانیوں کیخلاف پاکستان میں کوئی امتیازی قانون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں نے آج تک پاکستان کے آئین کو تسلیم نہیں کیا قادیانی آئین کے باغی ہیں، امریکی محکمہ خارجہ کا قادیانیوں سے متعلق قوانین ختم کرنا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔ ہم پاکستان میں کسی بھی قسم کی امریکی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔ قادیانی اپنے آپ کو غیر مسلم تسلیم نہ کرکے مسلمانوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ اسلام اور آئین پاکستان نے جو اقلیتوں کو حقوق دیے ہیں وہ پاکستان میں انہیں مکمل طور پر حاصل ہیں لیکن قادیانی آئین پاکستان کو ماننے سے انکاری ہیں۔ قادیانی آئین کو نہ مان کر کھلم کھلا آئین سے بغاوت کا ارتکاب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کے دونوں گروہ (قادیانی اور لاہوری) کو ان کے کفریہ عقائد کی وجہ سے 1974ئ میں غیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا لیکن آج قادیانیوں نے پارلیمنٹ کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا۔ قرآن و سنت کے احکامات کے مطابق قادیانی پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کے نظریہ کے مطابق قادیانی دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔اسلامی ممالک کے علاوہ کئی غیرمسلم ممالک کی عدالتیں قادیانیوں کے غیرمسلم ہونیکے فیصلے دی چکی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی آزادی مذہب پررپورٹ کو مسترد کرتے ہیں:علماکرام
Dec 30, 2019