سنچورین ٹیسٹ سائوتھ افریقہ کے نام انگلینڈ کو 107رنز سے شکست

Dec 30, 2019

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کوک اور باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 107رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 284رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 95 جبکہ زبیر حمزہ نے 39، ورنن فلینڈر نے 35 اور ڈوانے پریٹوریس نے 33رنز کی اننگز کھیلیں۔انگلینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں اسٹورٹ براڈ اور پہلا میچ کھیلنے والے سیم کرن نے چار، چار وکٹیں لیں۔اس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 181 رنز بنا سکی، جو ڈینلی نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ بین اسٹوکس نے 35 اور جو روٹ نے 29رنز کی باریاں کھیلیں۔جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر نے 4 اور کگیسو ربادا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 62رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی تھی لیکن لوئر مڈل آرڈر نے ٹیم کی لاج رکھ لی اور چھوٹی چھوٹی شراکتیں قائم کرکے ٹیم کو 272 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی جس کی بدولت میزبان ٹیم نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 376رنز کا مشکل ہدف دیا۔پہلا میچ کھیلنے والے راسی وین در ڈوسن نے 51، اینرچ نورجے 40، ورنن فلینڈر 46 اور کوئنٹن ڈی کوک 34رنز کے ساتھ کامیاب بلے باز رہے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 5وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔376رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 92رنز کی شراکت قائم کی لیکن کیشپ مہاراج کی ایک گیند پر غلط شاٹ نے ڈوم سبلی کی 29رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد رورے برنز کا ساتھ دینے جو ڈینلی آئے اور دونوں نے مزید 47رنز جوڑ کر اسکور کو 139تک پہنچا دیا لیکن 84رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز نورجے کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ڈینلی بھی 31رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔چوتھی وکٹ کے لیے بین اسٹوکس اور جو روٹ نے مل کر 44 رنز جوڑنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی ڈبل سنچری بھی مکمل کرائی لیکن کیشپ مہاراج نے آل راؤنڈر کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو میچ میں بڑی کامیابی دلا دی۔اس کے بعد 48رنز کی اننگز کھیلنے والے جو روٹ نے کچھ دیر تک مزاحمت کا مظاہرہ کیا لیکن دیگر کوئی بھی بلے باز کگیسو ربادا کے تباہ کن اسپیل کا سامنا نہ کر سکا اور پوری انگلش ٹیم 268رنز پر ڈھیر ہو کر میچ میں 107رنز سے شکست کھا بیٹھی۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 4 اور نورجے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔کوئنٹن ڈی کوک کو شاندار بیٹنگ اور 8کیچ پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل کر لی ہے جہاں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا

مزیدخبریں